• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاستدان ٹھیک ہو جائیں تو سب ادارے ٹھیک ہو جائیں گے: سراج الحق

امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق —فائل فوٹو
امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق —فائل فوٹو

امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ سیاستدان ٹھیک ہو جائیں تو سب ادارے ٹھیک ہو جائیں گے۔

مہنگائی کے خلاف نکالے گئے لانگ مارچ کی قیادت کرنے والے امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق نے گجرات میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ یہ لوگ حکومت میں ہوں تو یہاں اور اقتدار میں نہ ہوں تو بیرونِ ملک ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ صرف ایک طبقہ ’حکمراں‘ خوش حال ہے، مرکز اور صوبوں میں نگراں حکومت قائم ہو جانی چاہیے، ملک میں فی الفور عام انتخابات ہونے چاہئیں۔

سراج الحق نے کہا کہ 23 کروڑ عوام اس وقت پریشان ہیں، آج ایک زرعی پاکستان میں آٹا، چینی، پانی اور بجلی نہیں مل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی، ن لیگ اور پی ٹی آئی کا ووٹر آج مایوس ہے، ان تینوں جماعتوں نے وہ کیا جو ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف نے کہا۔

امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کو سیاست کا حصہ نہیں ہونا چاہیے، ان کے تمام تجربات ناکام ہوئے ہیں۔

لانگ مارچ راولپنڈی روانہ

میڈیا سے گفتگو کے بعد امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق کی قیادت میں لانگ مارچ گجرات سے راولپنڈی کی طرف روانہ ہوا۔

راستے میں جماعت اسلامی کے لانگ مارچ کا لالہ موسیٰ پہنچنے پر استقبال کیا گیا۔

لالہ موسیٰ میں خطاب

امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق نے لالہ موسیٰ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو آئی ایم ایف کی جھولی میں ڈالا گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی مفادات اور کرسی کی لڑائی ہے، اس ملک کو صرف جماعتِ اسلامی بدل سکتی ہے۔

امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ اس بار ووٹ کے ذریعے ظالموں اور چوروں کا حساب کرو۔

لانگ مارچ کہاں کہاں جائے گا؟

لانگ ماچ لالہ موسیٰ کے بعد کھاریاں اور سرائے عالمگیر جائے گا، جس کے بعد لانگ مارچ جہلم شہر میں داخل ہو گا۔

لانگ مارچ جہلم سے دینہ، سوہاوہ اور گوجر خان سے ہوتا ہوا آج شام راولپنڈی پہنچے گا۔

قومی خبریں سے مزید