پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے عوام کی غالب اکثریت ن لیگ کی حامی ہے۔
اسلام آباد میں ن لیگ کا تنظیمی اجلاس مریم نواز کی زیر صدارت ہوا جس میں دیہی اور شہری حلقوں میں پارٹی کا تنظیمی اشتراک عمل مؤثر بنانے پر اتفاق ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی تنظیم وفاقی دارالحکومت کی نمائندگی کرتی ہے، دیہی اور شہری حلقوں میں پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط اور فعال بنایا جائے۔
ن لیگی سینئر نائب صدر نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے حلقے روایتی طور پر ہمیشہ مسلم لیگ ن کے حامی رہے ہیں، دارالحکومت کے عوام کی غالب اکثریت مسلم لیگ (ن) کی حامی ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تنظیمی ڈھانچے میں خواتین اور نوجوانوں کی نمائندگی بڑھائی جائے۔ پڑھے لکھے، محنتی، نظریاتی وابستگی والے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔
ن لیگ کے اجلاس میں موجودہ تنظیمی ڈھانچے اور اس کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور پارٹی عہدیداروں، کارکنوں نے اپنی تجاویز پیش کیں۔