اسلام آباد (صباح نیوز)سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ باوقار اور مہذب معاشرے کیلئے خواتین کو برابر حقوق دینا ضروری ہیں،خواتین کو کمتر اور کمزور سمجھنے والی سوچ کو شکست دینا ہوگی، پاکستان میں خواتین نے جمہوریت کی بحالی کیلئے بھرپور آواز بلند کی،مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا کردار خواتین کے لیے مشعل راہ ہے، خواتین کے قومی دن کے حوالے سے اپنے بیان میں آصف زرداری نے کہا ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے طاقتور آمروں کو جمہوری جدوجہد سے شکست دی،پیپلزپارٹی کی خاتون رہنمائوں اور کارکنوں نے جمہوریت کی بحالی کیلئے شاہی قلعہ میں قید برداشت کی ۔آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے تمام شعبوں میں خواتین کی حصہ داری کو یقینی بنایا۔بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے خواتین کو ریاست کے ثمرات میں حصہ دار بنایا گیا۔ انھوں نے کہا کہ باوقار اور مہذب معاشرے کیلئے ضروری ہے کہ خواتین کو برابری کے حقوق میسر ہوں، خواتین کو کمتر اور کمزور سمجھنے والی سوچ کو شکست دینا ہوگی۔سابق صدر نے کہا کہ پیپلزپارٹی خواتین کو باوقار مقام دلوانے کی جدوجہد جاری رکھے گی جس کی وہ حقدار ہیں۔