مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت بیانیے کی نہیں پرفارمنس کی ضرورت ہے۔
لاہور میں ن لیگ کی نوجوان قیادت سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا کوئی معاشی پلان نہیں تھا، انہوں نے جھوٹ کا نام بیانیہ رکھ دیا۔
مریم نواز نے کہا کہ ان کے جھوٹے بیانیے کا ہمیں جواب دینا پڑتا ہے، لانگ مارچ ملک اور عوام کے لیے نہیں تھا، آپ بتائیں کے آج ملکی معیشت کا کیا حال ہے؟
انہوں نے کہا کہ وہ ایک کروڑ نوکریوں کا جھانسہ دے کر فرار ہو گئے، موجودہ معاشی صورتِ حال میں ہم نئی نوکریاں نہیں نکال سکتے۔
ن لیگ کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ ان کی سیاست دیکھ لیں، جھوٹا بندہ کبھی سچ نہیں بول سکتا، سائفر کا معاملہ فراڈ کے سوا کچھ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جھوٹے بیانیے کی وجہ سے لوگوں کو غیر ملکی ایجنٹ کہا گیا، انہوں نے امریکا اور مغربی دنیا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کیوں خراب کیے؟
مریم نواز نے کہا کہ یہ پہلے کہتے تھے کہ قمر جاوید باجوہ نے جتنی میری مدد کی کسی اور نے نہیں کی، آج کہتے ہیں کہ قمر جاوید باجوہ نے میری حکومت گرائی۔
ان کا کہنا ہے کہ آج جنرل قمر جاوید باجوہ گھر چلے گئے تو آپ نے انہیں نشانے پر رکھ لیا، حکومت جانے کے بعد بھی آپ قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں کرتے رہے، انہیں کوئی نہ کوئی بیساکھی چاہیے ہوتی ہے۔
ن لیگ کی سینئر نائب صدر نے مزید کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت مخالف سیاسی قوتوں کے خلاف منظم مہم چلائی گئی۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ میں آج ڈیم والے بابا جی ثاقب نثار کو ڈھونڈ رہی ہوں، اللّٰہ کی شان کہ نواز شریف کو برا کہنے والے ایک دوسرے کو میر جعفر اور میر صادق کہہ رہے ہیں۔