وزیرِ اعظم شہباز شریف آج ترکیہ کے دورے پر روانہ ہوں گے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر وفاقی وزراء بھی وزیرِ اعظم کے ساتھ جائیں گے۔
وزیرِ اعظم ترکیہ میں زلزلے سے جانی ومالی نقصانات پر صدر رجب طیب اردوان سے اظہار یکجہتی کریں گے۔
ترکیہ کے صدر سے ملاقات میں وزیرِ اعظم شہباز شریف امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی بات کریں گے۔
اس حوالے سے دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم نے ترکیہ میں تباہ کن زلزلے کے تناظر میں 6 فروری کو صدر اردوان سے بات کی تھی، انہوں نے ترک صدر کو ریسکیو، ریلیف کے لیے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی تھی۔
ترجمان نے کہا کہ ہمارے ترک بھائیوں اور بہنوں کی مدد کے لیے تمام دستیاب وسائل کو متحرک کر دیا گیا ہے، وزیرِ اعظم ذاتی طور پر ترکیہ میں جاری امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان اور ترکیہ ہر آزمائش اور مصیبت میں شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں، وزیرِ اعظم شہباز شریف آج دو روزہ دورے پر ترکیہ جائیں گے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم ترک صدر سے پاکستانی قوم کی طرف سے قیمتی جان و مال کے ضیاع پر تعزیت کریں گے، شہباز شریف زلزلے میں بچ جانے والوں سے ملاقاتیں کریں گے اور زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں تعینات پاکستانی امدادی ٹیموں سے بھی ملاقات کریں گے۔