پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللّٰہ کا کہنا ہے کہ منی بجٹ کا نام عمران بجٹ رکھا جائے، نہ وہ مسلط ہوتے نہ آئی ایم ایف آتا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں حافظ حمد اللّٰہ نے کہا کہ نہ عمران خان معاہدہ توڑتا نہ آج منی بجٹ آتا، ان کا فیض آئی ایم ایف، معیشت اور مہنگائی کی تباہی لایا، آج مہنگائی عمران کا فیض جاریہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران کے فیض کے چرچے لندن میں بھی جاری ہیں، شہباز شریف کے خلاف ڈیلی میل میں جھوٹی خبر شائع کرانے والے کی ڈیلی میل میں سچی خبر شائع ہوئی۔
پی ڈی ایم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سابقہ اہلیہ نے گواہی دی کہ ٹیریان عمران خان کی بیٹی ہے لیکن آرٹیکل 62-63 پر مکمل خاموشی ہے، آئین کی یہ دو شقیں کیا معطل ہو چکی ہیں یا آئین کا حصہ نہیں رہیں؟
حافظ حمد اللّٰہ نے مزید کہا کہ عمران خان کے لیے عدلیہ کی دریا دلی پر رشک آتا ہے، تقریر نہ کرو، جیل بھرو، جیل جانے کی باری آئی تو بزرگی اور بیماری یاد آ گئی۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جیب بھرنے کے لیے کپتان اور جیل بھرنے کے لیے عوام؟ عمران خان بزرگ ہے نہ بیمار ہے، وہ صرف فنکار ہے۔