عوامی مسلم لیگ کے سربراہ، سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ میں اپنے سسرال گیا تھا، ان کی کانپیں ٹانگ گئیں، جیل والوں کو جیل میں اتنی گالیاں دیں جتنی زندگی میں نہیں دیں، خان صاحب کو فون پر کہا ہے کہ فیصلہ کرنا ہے آر یا پار۔
راولپنڈی میں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ مریم نواز کو کہنا چاہتا ہوں کہ اپنے شوہر کو تو اپنے ساتھ ملاؤ، مریم کہتی ہیں کہ یہ حکومت ان کی نہیں، تو پھر کس کی حکومت ہے؟
شیخ رشید نے الزام عائد کیا کہ میرے گھر پر ڈکیتی کی گئی، میرا سامان واپس کرو ورنہ پرچہ کراؤں گا، عمران خان کو دو ووٹوں سے نکالا گیا، ہماری لڑائی اسٹیبلشمنٹ سے نہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ گینگ آف فائیو ہے، انہوں نے ملک کو تباہ کر دیا، سب سے بڑے ڈاکو آصف زرداری ہیں، بلاول پاکستان ہی نہیں آ رہے، انہیں معلوم ہے کہ میں ملک میں ہوں۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ میں آدھا سامان جیل میں چھوڑ کر آیا ہوں، جیل بھرو تحریک شروع ہوئی تو واپس جیل جاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ آصف زرداری نے ان کے قتل کی سازش کی ہے، میں نے عمران خان کے بیان کو دہرایا، میرے خلاف پرچہ ہو گیا۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ 10 ہزار کنٹینر پورٹ پر کھڑے ہیں، مزدور بھوکا مر گیا ہے، یہ الیکشن لڑنے کے قابل نہیں، یہ الیکشن نہیں کرائیں گے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ میں جیل سے آیا ہوں، میرے پاس خبر ہے، یہ مرکز اور صوبے کے الیکشن اکٹھے کرائیں گے۔
سابق وزیرِ داخلہ نے یہ بھی کہاہے کہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کا ایک ہی رستہ ہے اور وہ ہے صاف شفاف الیکشن، کل لاہور جا رہا ہوں، یہ عمران خان کو نا اہل کروانا چاہتے ہیں۔