لاہور ( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں کامیابی کے بعد ملک اور قوم کے مسائل حل کرنے کی اپنی تاریخ پھر دہرائیں گے،ہر دبائو کا مقابلہ کرتے ہوئے پارٹی پرچم تھامے رکھنے والے رہنما اور کارکن ہمارے سر کا تاج ہیں۔جمعہ کے روز مریم نواز کی زیر صدارت پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں (ن) لیگ لاہور کا اہم اجلاس ہوا جس میں پارٹی کے سینئر رہنما پرویز رشید ، مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر ،جنرل سیکرٹری لاہور خواجہ عمران نذیر خواتین ونگ لاہور کی صدر سعدیہ تیمور ، خواجہ سلمان رفیق، سید توسیف شاہ ، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان ،رمضان صدیق بھٹی، رانا خالد قادری، احسن شرافت، میاں عمران جمیل ،حنا پرویز بٹ، مرزا جاوید، غزالی سلیم بٹ، ملک وحید اور رابعہ نسیم فاروقی سمیت لاہور سے تعلق رکھنے والے دیگر سابق اراکین پنجاب اسمبلی، صوبائی ٹکٹ ہولڈر اور پارٹی رہنمائوں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ضلع لاہور کے صوبائی حلقوں کے حوالے سے مشاورت کی گئی ۔ جبکہ لاہور سے پارٹی کے ممکنہ صوبائی امیدواروں کے ناموں پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں لاہور کے تمام صوبائی حلقوں میں پارٹی کی مقبولیت، ممکنہ امیدواروں کی اہلیت اور دیگر امور پر مشاورت کی گئی۔