• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل کے تمام میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے، گورنر سندھ

گورنر سندھ کامران ٹیسوری—فائل فوٹو
گورنر سندھ کامران ٹیسوری—فائل فوٹو

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے تمام میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے، نجم سیٹھی اور آئی جی سے طویل گفتگو ہوئی ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ آئی جی، ایڈیشنل آئی جی سے صبح سیکیورٹی پر بات ہوئی، فورسز نے دہشت گردوں کے منصوبے کو ناکام بنایا۔

انہوں نے کہا کہ گیمز کے نام سے جلد کراچی میں مقابلوں کا انعقاد کرنے جا رہے ہیں، کراچی میں سیف سٹی پروجیکٹ نہ ہونا المیہ ہے۔

کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ پولیس میں 10ہزار اہلکاروں کی کمی ہے، پولیس پر سارا ملبہ ڈالنا مناسب نہیں، فورسز نے دہشت گردوں کا جس طرح مقابلہ کیا وہ لائق تحسین ہے، کوتاہیوں پر قابو پانا لازم ہے، ہمیں اپنی سرحدوں کی سیکیورٹی بڑھانا ہو گی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں ایسی کارروائیاں المیہ ہے، کسی کو ذمے داری لینا ہوگی، پولیس کی کمی کو جلد پورا کرنے کے لیے اداروں سے بات چیت کر رہا ہوں، کل افسران خود فرنٹ لائن پر لڑ رہے تھے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ خالد مقبول اور مصطفیٰ کمال سے ضمنی الیکشن سے متعلق بات ہوئی، خالد مقبول نے کہا کہ حلقہ بندیوں کا مسئلہ حل ہونے تک انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے۔

ایم کیو ایم کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ کراچی کو سب نے ہوٹل کی طرح سمجھا ہوا ہے، یہاں آؤ کھاؤ پیو اور چلے جاؤ، غیر قانونی طور پر آنے والوں کو روکنا پڑے گا، ایک شخص سیاست سیاست کر رہا ہے لیکن اس کو ملک کی فکر نہیں، عمران خان کو محض وزارت عظمیٰ کی فکر ہے۔

قومی خبریں سے مزید