وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ جیل بھرو تحریک سے نمٹنے کی حکمت عملی بنالی ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ جیل بھرو تحریک 2 ہفتے سے زیادہ نہیں چلے گی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی کوئی سرحدیں نہیں ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر میں کراچی سمیت تمام جگہوں پر گیا ہوں۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پچھلے 4 ماہ سے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی زیادہ ہوئی، ہمارا خیال تھا کہ یہ دہشت گرد دوسری جگہوں پر نہیں جائیں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو ڈھونڈ نکالیں گے، کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) سندھ اور پنجاب، خیبر پختونخوا و بلوچستان سے بہت بہتر ہیں۔
رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردی کے واقعات سندھ اور پنجاب میں کم ہوئے ہیں، سندھ حکومت نے سی ٹی ڈی بہتر بنانے میں بہت کام کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کےخلاف رقم صرف خیبر پختونخوا کو ہی دی جاتی ہے، وہاں تو کرائے کی بلڈنگ میں سی ٹی ڈی کے دفاتر ہیں۔