• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواجہ آصف نے پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا اعتراف کیا ہے، اسد عمر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا اعتراف کیا ہے۔

لاہور میں جیل روڈ آفس میں پریس کانفرنس کے دوران اسد عمر نے کہا کہ خواجہ آصف سچ بول رہے ہیں تو وزیر خزانہ اسحاق ڈار قوم کو سچ بتائیں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے اب توپوں کا رخ عدلیہ کی طرف موڑ لیا ہے، وہ آج کل عدالتوں کے خلاف منظم مہم چلا رہی ہے۔

پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما نے مزید کہا کہ ملک میں غیر قانونی طریقے سے گفتگو ریکارڈ کی جارہی ہے، آج بھی ایک آڈیو لیک ہوئی، یہ قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے سپریم کورٹ میں اس پر پٹیشن بھی دائر کی ہے، جو آڈیوز ریکارڈ کرتے ہیں، ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

اسد عمر نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم ہاؤس سے شہباز شریف کی بھی آڈیو لیک ہوتی رہی، پرائم منسٹر ہاؤس کی آڈیو لیک کی تحقیقات ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عدلیہ کو دباؤ میں لاکر انتخابات سے بھاگنا چاہتی ہے، عمران خان کو عدالت میں جانے میں کوئی انا کا مسئلہ نہیں۔

پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر کہہ رہے ہیں عمران خان کی ٹانگ کو جھٹکا لگا تو انہیں دو تین ماہ دوبارہ آرام کرنا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کے پاسپورٹ پر فیصلہ حق میں آئے تو عدالت ٹھیک لگتی ہے، ہم پرامید ہیں کہ پیر یا منگل تک الیکشن کی تاریخ ملنے والی ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ نگراں پنجاب حکومت پی ٹی آئی مخالف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

قومی خبریں سے مزید