حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ کوئی بھی ادارہ عمران خان کو سپورٹ نہیں کر رہا ہے۔
لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں مریم نواز نے کہا کہ معیشت کا بیڑا غرق تحریک انصاف نے کیا، ہم تعمیر نو کر رہے ہیں، پی ٹی آئی کی شکست نوشتۂ دیوار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بنکرز سے باہر نہیں نکل رہی، عمران خان بل میں چھپے ہوئے ہیں، وہ تو کورٹ میں بھی نہیں آ رہے۔
ن لیگی چیف آرگنائزر نے مزید کہا کہ نواز شریف دور گئے تو پارٹی مشکلات کا شکار رہی، ن لیگ کو احساس ہے نواز شریف پارٹی کے لیے کتنے ضروری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کہنے میں کوئی قباحت نہیں کہ مہنگائی پر لوگوں کا اچھا رسپانس نہیں ملے گا۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ لوگوں کو چیزوں کا علم ہے، 4 سال عمران حکومت میں ایک بار جلسہ نہیں کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کے ساتھی مکافات عمل کا شکار ہوئے ہیں، پی ٹی آئی چیئرمین جیسے لوگوں کو احتساب سے نہیں بچنا چاہیے۔
ن لیگی چیف آرگنائزر کا کہنا تھا کہ احتساب انتقام کے لیے نہیں، ہمیں لائن کھینچنی ہے، آنے والے وقتوں میں لائحہ عمل بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ کو باور کروانا چاہتی ہوں کہ احتساب سے ادارے کمزور نہیں مضبوط ہوتے ہیں، ملک کے کونے کونے میں آواز پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا کو مضبوط کر رہے ہیں۔