• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی وزیرِ خارجہ نے غبارے پر معذرت نہیں کی: انٹونی بلنکن

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران چینی وزیرِ خارجہ وانگ ای نے چینی غبارے پر معذرت نہیں کی۔

امریکا اور چین کے وزرائے خارجہ کے درمیان میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں ملاقات ہوئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن اور چینی وزیر خارجہ وانگ ای کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی ہے۔

امریکی و چینی وزرائے خارجہ کی میونخ میں ملاقات

چین کا غبارہ امریکی فضا میں تباہ کیے جانے کے بعد امریکا اور چین کے درمیان پہلا بالمشافہ رابطہ ہوا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات میں روس اور یوکرین جنگ سے پیدا ہونے والی صورتِ حال پر بھی بات چیت ہوئی۔

چینی وزیرِ خارجہ سے ملاقات کے بعد امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انٹونی بلنکن نے کہا کہ ایسی معلومات ہیں کہ چین روس کو مہلک جنگی امداد فراہم کر سکتا ہے، امریکا کو تشویش ہے کہ چین روس کو یوکرین جنگ میں مادی مدد فراہم کر سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وانگ ای سے ملاقات کے دوران دورۂ چین کے دوبارہ شیڈول سے متعلق بات نہیں ہوئی۔

امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکا چینی غبارے کو مار گرانے پر اوور ری ایکٹ نہیں کر رہا۔

دوبارہ فضائی حدود کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہیے، امریکا

دوسری جانب امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بلنکن نے واضح کیا کہ چینی غبارے کے ذریعے امریکی فضائی حدود کی خلاف ورزی دوبارہ نہیں ہونی چاہیے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ بلنکن نے خبردار کیا ہے کہ چین نے یوکرین جنگ میں روس کو مادی مدد فراہم کی تو اس کے سخت نتائج ہوں گے۔

امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بلنکن نے چینی ہم منصب پر واضح کیا کہ امریکا کی ون چائنا پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان کے مطابق بلنکن نے امریکی صدر کی بات کو دہرایا کہ واشنگٹن نئی سرد جنگ نہیں چاہتا۔

چینی وزارتِ خارجہ کا ردِعمل

چینی و امریکی وزرائے خارجہ کی ملاقات پر چینی وزارتِ خارجہ نے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وانگ ای نے کہا ہے کہ امریکا طاقت کے اندھا دھند استعمال سے خراب ہوئے چین اور امریکا کے تعلقات کو پہنچے نقصان کا ازالہ کرے۔

چینی وزارتِ خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ وانگ ای نے بلنکن پر واضح کیا کہ واشنگٹن کو غبارہ واقعے پر اپنا طریقہ بدلنا چاہیے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید