پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 52 رنز سے شکست دے دی۔ یہ سلطانز کی ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی ہے۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم ملتان سلطانز کی جانب سے دیے گئے 191 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 138 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے ریسی ونڈر ڈسن نے 49، کولن منرو نے 31 اور حسن نواز نے 21 اور اعظم خان نے 16 رنز کی اننگز کھیلیں۔
ملتان سلطانز کی بولنگ لائن نے ایک مرتبہ پھر اپنے کپتان کو مایوس نہ کیا۔ نوجوان بولر عباس آفریدی 4 وکٹیں لے اڑے۔
محمد الیاس، احسان اللّٰہ اور اسامہ میر نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے 50 اور ڈیوڈ ملر نے 52 رنز بنائے۔
اس کے علاوہ رائیلی روسو 36 اور کیرون پولارڈ نے 32 رنز اسکور کیے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے رومان رئیس، محمد وسیم، شاداب خان اور ٹام کرن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ میں بہترین بولنگ پرفارمنس پر عباس آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔