اسلام آباد (مرتضیٰ علی شاہ) وزیراعظم شہباز شریف کے بیٹے سلیمان شہباز نے لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ کئی ملاقاتیں کی ہیں۔ سلیمان شہباز گزشتہ ہفتے پاکستان سے لندن پہنچے اور اس وقت سے انہوں نے کئی گھنٹوں تک نواز شریف سے کئی ملاقاتیں کی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان ملاقاتوں میں حکومت، نون لیگ اور شریف فیملی کی سیاست کے حوالے سے معاملات پر باتیں کی گئیں۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ سلیمان شہباز اپنے والد سے پیغام لیکر نواز شریف کے پاس آئے تاکہ موجودہ سیاسی چیلنجز اور آئندہ انتخابات کے معاملات سے کیسے نمٹا جائے۔ دونوں کے درمیان بالمشافہ ملاقاتیں ہوئیں جن میں سلمان نے اپنے تایا کو مختلف معاملات پر بریفنگ دی۔ شریف فیملی کے ذرائع نے ملاقاتوں کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ ملاقاتیں باقاعدگی کے ساتھ ہوئیں اور کئی اہم معاملات پر بات چیت ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شریف فیملی کے دشمنوں نے دہائیوں تک نواز اور شہباز اور ان کے بچوں کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کی لیکن یہ لوگ بری طرح ناکام ہوئے ہیں۔