• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول بھٹو زرداری کی یورپین یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل سے ملاقات

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی یورپین یونین کے امورِ خارجہ سے ملاقات، فوٹو ٹوئٹر
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی یورپین یونین کے امورِ خارجہ سے ملاقات، فوٹو ٹوئٹر

پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور یورپین یونین کے امورِ خارجہ کے سربراہ جوزپ بوریل کے درمیان جرمنی میں جاری میونخ سیکیورٹی کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر ملاقات ہوئی ہے۔

اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ماحولیات، علاقائی سیکیورٹی، مائیگریشن، قوانین پر مشتمل ورلڈ آرڈر، باہمی اور دیگر بین الاقوامی امور پر گفتگو کی۔

یونین کے امورِ خارجہ کے سربراہ جوزپ بوریل نے اس ملاقات کے حوالے سے کہا کہ پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے علاقائی مسائل اور سلامتی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

اُنہوں نے کہا کہ میں نے اس ملاقات میں بین الاقوامی قوانین پر مبنی آرڈر کے تحفظ کے لیے  یورپین یونین کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش پر زور دیا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ موسمیاتی لچکدار بحالی، تجارت اور نقل مکانی سے متعلق چیلنجوں پر بھی بات کی۔

دوسری جانب، پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں بتایا کہ میونخ سیکیورٹی کانفرنس کے موقع پر جوزپ بوریل کے ساتھ اچھی بات چیت ہوئی، علاقائی اور عالمی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے لکھا کہ وہ پاکستان اور یورپین یونین کے درمیان تعلقات کو مزید بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔

قومی خبریں سے مزید