• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور قلندرز نے یکطرفہ مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 63 رنز سے ہرادیا

فوٹو بشکریہ پی سی بی
فوٹو بشکریہ پی سی بی

ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے 10ویں میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 63 رنز سے شکست دے دی۔ 

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کرکٹ ایرینا میں کھیلے گئے اس میچ میں قلندرز کی جانب سے دیے گئے 199 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 135 رنز بنا سکی۔ 

قلندرز کے بہترین بولنگ اٹیک کے آگے گلیڈی ایٹرز کی بڑی بیٹنگ لائن ناکام ہوگئی۔ 

جیسن روئے نے 45 جبکہ محمد حفیظ نے 25 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سرفراز احمد 16 اور مارٹن گپٹل 15 رنز بناسکے۔ 

ان کے علاوہ گلیڈی ایٹرز کا کوئی بیٹر خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔ 

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور ڈیوڈ ویزے نے عمدہ بولنگ پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ راشد خان اور سکندر رضا کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔  

واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ 

قلندرز کے اوپنرز نے ٹیم کو دھواں دار آغاز فراہم کیا تھا، فخر زمان 22 رنز کی اننگز کھیل کر اسمتھ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 

 نوجوان بیٹر طاہر بیگ نے ایک مرتبہ پھر جارح مزاج انداز میں بیٹنگ کی اور 15 گیندوں پر 31 رنز بنائے۔ وہ محمد نواز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے

لاہور قلندرز نے ابتدائی 6 اوورز میں 2 کھلاڑیوں کے نقصان پر 65 رنز بنالیے تھے۔

قلندرز وقفے وفقے سے وکٹیں گنواتے رہے تاہم بیٹرز آؤٹ ہونے سے قبل اننگز میں اپنا حصہ ڈالتے رہے۔

مڈل آرڈر بیٹر شائی ہوپ نے 47 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، سکندر رضا 32 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

ان کے علاوہ حسین طلعت نے 26، کامران غلام نے 21 اور راشد خان نے ناقابلِ شکست 11 رنز کی اننگز کھیلیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اوڈین اسمتھ اور قیس احمد نے دو، دو جبکہ محمد حسنین اور محمد نواز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

مین آف دا میچ:

لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کو بہترین بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پلیئنگ الیونز:

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی سرفراز احمد کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں مارٹن گپٹل، جیسن روئے، محمد حفیظ، افتخار احمد، عبدالواحد بنگلزئی، محمد نواز، نسیم شاہ، محمد حسنین، اوڈین اسمتھ اور قیس احمد شامل تھے۔ 

شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں لاہور قلندرز کی ٹیم میدان میں اتری جن میں فخر زمان، طاہر بیگ، شائی ہوپ، کامران غلام، سکندر رضا، حسین طلعت، راشد خان، ڈیوڈ ویزے، حارث رؤف اور زمان خان شامل تھے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید