• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رام چرن نے بھارت کیلئے ایک نئی تاریخ رقم کردی

رام چرن، فائل فوٹو
رام چرن، فائل فوٹو  

بھارت کی ساؤتھ فلم انڈسٹری کےمعروف اداکار رام چرن نے بھارت کے لیے ایک نئی تاریخ رقم کردی۔

رام چرن مشہور ٹاک شو ’گڈ مارننگ امریکا‘ کا بطور مہمان خصوصی حصّہ بننے کا اعزاز حاصل کرنے والے پہلے بھارتی اداکار ہیں۔

اداکار حال ہی میں 2023ء کے آسکر ایوارڈز میں شرکت کے لیے امریکہ روانہ ہوئے ہیں اور اپنے اس دورہ امریکا کے دوران وہ مشہور امریکی شو’گڈ مارننگ امریکا‘ کے مہمانِ خصوصی اور چھٹے سالانہ ہالی ووڈ کریٹیکس ایسوسی ایشن ایوارڈز (HCA) بھی پیش کریں گے۔

ہالی ووڈ کریٹیکس ایسوسی ایشن ایوارڈز پیش کرنے والوں میں رام چرن کے علاوہ برٹنی اسنو، ٹیری کریو، جوزف گورڈن لیویٹ، سوفی تھیچر اور دیگر  مشہور شخصیات بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ جب سے فلم ’RRR‘ ریلیز ہوئی ہے رام چرن بھارتی عوام کا فخر بنے ہوئے ہیں۔


اس فلم کی عالمی سطح پر شاندار پذیرائی کی وجہ سے رام چرن کو عالمی سطح پر شہرت حاصل ہوئی ہے۔

یہ فلم ابھی تک گولڈن گلوبز 2023ء میں دو ایوارڈز اپنے نام کرچکی ہے اور 95 ویں اکیڈمی ایوارڈز میں بھی اس فلم کے گانے ’ناتو ناتو‘ کو’بیسٹ اوریجنل سانگ‘ کی کیٹیگری میں نامزد کیا گیا ہے۔

یہ پہلی بھارتی فیچر فلم ہے جسے اکیڈمی ایوارڈز میں بہترین بین الاقوامی فلم کے علاوہ کسی اور کیٹیگری کے لیے نامزد کیا گیا ہے جوکہ اس سال 12 مارچ کو ہوگا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید