امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مہنگائی کے خلاف اوکاڑہ میں عوامی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی لڑائی کرسی کے لئے ہے۔ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی ایک دوسرے کو بےنقاب کر رہے ہیں۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ ہوسکتا ہے آئی ایم ایف کے کہنے پر حکمران سانس لینے پر بھی ٹیکس لگا دیں۔
انہوں نے کہا 170 ارب روپے ٹیکسز کے لئے عوام کا خون نچوڑا جا رہا ہے۔ اس وقت ہاتھ شہباز شریف کا اور گلا عوام کا ہے۔ قوم نے عمران خان سے تبدیلی کے نام پر امیدیں وابستہ کی تھیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی پٹاری میں بزدار جیسا سانپ تھا۔ پی ٹی آئی کو دوبارہ ووٹ دیں گے تو کوئی اور بزدار یا پرویز الہٰی آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم، پی ٹی آئی کی اگلی جگہ ایوان نہیں اڈیالہ جیل ہے۔ پی ڈی ایم، پی ٹی آئی کا احتساب جماعت اسلامی کر سکتی ہے۔