وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے نام لیے بغیر عمران خان پر خوب وار کیے۔
سندھ اسمبلی میں بلاول بھٹو زرداری نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق خواتین کی نادرا کے ذریعے ڈائنامک رجسٹری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم خود کہہ چکے ہیں وہ سیاست میں مہنگائی ختم کرنے نہیں آئے تھے، ہم تو ایسی سیاست کا سوچ نہیں سکتے، عمران خان کی ڈاکٹرائن کا ایک حصہ بے نظیر انکم سپورٹ میں کٹوتی بھی تھا، صدر زرداری نے سارے نظام سے لڑ کر بے نظیر انکم سپورٹ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ ملک آئینی، سیاسی، معاشی بحران کا شکار ہے، پیپلز پارٹی کا مقابلہ ان بحرانوں سے ہے۔
بلاول بھٹو نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں 25 فیصد اضافے کا اعلان بھی کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے مخالفین نے ڈٹ کر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مخالفت کی، وہ کہتے تھے کہ ہم ملک کے عوام کو بھکاری بنا رہے ہیں، ہم کہتے تھے کہ غریب خواتین کو حق دلا رہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم پر تنقید ہوئی کہ بینظیر انکم سپورٹ سے کرپشن ہوگی، ہم نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو صاف شفاف پروگرام بنایا، بین الاقوامی ادارے مانتے ہیں کہ یہ صاف شفاف پروگرام ہے۔
انہوں نے کہا کہ بینظیر وطن واپسی کی تیاری کے وقت 2007 کے منشور پر بھی کام کر رہی تھیں، وہ چاہتی تھیں ایسا پروگرام بنائیں جو ملک کے مسائل حل کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ بینظیر انتہا پسندی اور دہشتگردوں کے خلاف جدوجہد کر رہی تھیں، وہ اپنی عوام کیلئے جدوجہد کر رہی تھیں۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ دنیا میں دو سوچیں ہیں کہ امیر کو امیر بنائیں گے تو وہ روزگار پیدا کرے گا، امیر لوگ تو ملک میں بہت کم ہوتے ہیں، وہ پورے ملک کو فائدہ نہیں پہنچا سکتے، امیر آدمی کے پاس جتنا پیسا ہوتا ہے وہ اتنا ہی کنجوس ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر پیسا نچلے طبقے کے پاس آئے گا تو وہ بینک میں نہیں رکھے گا خرچ کرے گا، پیسے خرچ کرنے سے غریب کا مسئلہ تو حل ہو گا ہی ملک کو بھی فائدہ ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج غربت ہے، مہنگائی ہے، بے روزگاری اور معاشی بحران ہے، ہم نا صرف غریب کو مدد پہنچا رہے ہیں بلکہ معیشت کو بھی فائدہ پہنچا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے دوران غریبوں کی بینظیر انکم سپورٹ سے مدد کی گئی، سیلاب متاثرین کی مدد کا کوئی طریقہ نہیں تھا، طریقہ نکلا تو بینظیر انکم سے نکلا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ یونین کونسل جا کر بینظیر انکم سپورٹ میں رجسٹرڈ ہوسکتے ہیں، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں 25 فیصد اضافہ ہو گا، بینظیر پروگرام میں رجسٹرڈ ہر فرد کو 25 فیصد زائد رقم ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ چھوٹے زمینداروں کیلئے سندھ حکومت ایک پروگرام شروع کر رہی ہے، اس پروگرام کے تحت چھوٹے زمینداروں کو بیج کی قیمت دی جائے گی۔