ایچ بی ایل پی ایس ایل کے 14ویں میچ میں کراچی کنگز کی اسپن کا جادو چل گیا، ٹیبل کی سرفہرست ملتان سلطانز کو 66 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔
کراچی کی جانب سے دیے گئے 168 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی ٹیم 101 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
کراچی کنگز کے اسپنرز تبریز شمسی، شعیب ملک اور عماد وسیم سلطانز کی بیٹنگ لائن کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئے۔
تبریز شمسی نے 4 اوورز میں 18 رنز سے کر 3 وکٹیں لیں، شعیب ملک بھی تین وکٹیں لے اڑے، عماد وسیم کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔ فاسٹ بولر عاکف جاوید نے بھی 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
سلطانز کی جانب سے محمد رضوان 29 اور شان مسعود 25 رنز بنا کر مزاحمت کرسکے جبکہ انور علی نے 12 اور اسامہ میر نے 10 رنز کی اننگز کھیلی۔
اس فتح کے ساتھ ہی 6 میچز کھیلنے کے بعد کراچی کنگز کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر بھی آگئی۔
ملتان سلطانز کی ٹیم 6 میچوں میں 4 فتوحات کے ساتھ پہلے ہی پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔
کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں کھیلے گئے اس میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹ کے نقصان پر 167 رنز بنائے۔ طیب طاہر 65، میتھیو ویڈ 45 اور جیمز ونس نے 27 رنز بنائے جبکہ ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر احسان اللّٰہ نے 2 اور انور علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
کراچی کنگز کے تبریز شمسی کو بہترین بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
میچ میں ملتان سلطانز نے رائیلی روسو، ڈیوڈ ملر، کارلوس برتھ ویٹ اور عقیل حسین کو غیرملکی کھلاڑیوں کے طور پر ٹیم میں شامل کیا۔
میچ میں ملتان سلطانز نے رائیلی روسو، ڈیوڈ ملر، کارلوس برتھ ویٹ اور عقیل حسین کو غیر ملکی کھلاڑیوں کے طور پر ٹیم میں شامل کیا۔
کراچی کنگز نے غیرملکی کھلاڑیوں میں سے میتھیو ویڈ، جیمز ونس، بین کٹنگ اور تبریز شمسی کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا۔
ٹاس کے موقع پر ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا تھا کہ پچ کا اندازہ نہیں اس لیے بولنگ کو ترجیح دی
اس موقع پر کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ ہوم پچ پر کھیلنے کا تجربہ ہے، ہم اس پچ پر پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے تھے۔