سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ عدلیہ آئین پر پہرہ دے رہی ہے۔
گجرات میں پی ٹی آئی کے سابق اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی سے ملاقات میں چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ عمران خان نے قوم سے خطاب میں مجھ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خود ہی مجھے پی ٹی آئی کا صدر بنانے کا اعلان کیا اور میری کمٹمنٹ کا اعتراف کیا جو میرے لیے باعث فخر ہے۔
چوہدری پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ عمران خان نے میرا اور میرے ساتھیوں کا دل جیت لیا ہے، میں اس اعتماد پر پی ٹی آئی چیئرمین کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکمران ٹولہ عمران خان کے راستے میں جو ریت کی دیواریں کھڑی کر رہا ہے، عوام کا سیلاب اسے بہا لے جائے گا۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ بطور صدر پہلی ترجیح پنجاب میں پی ٹی آئی کی دوتہائی اکثریت سے جیت اور حکومت بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مقصد کےلیے عمران خان کی مشاورت سے حکمت عملی تیار کرلی ہے۔
چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ شہباز شریف کی کٹھ پتلی حکومت کا کوئی مستقبل نہیں، نااہل حکمران ٹولے اور الیکشن کمشنر کی الیکشن ملتوی کروانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نیک نیت سیاستدان اور قوم کے سچے خیرخواہ ہیں، قوم انہیں پھر سے وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کرچکی ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران خان کی نیک نیتی پرہی اللّٰہ تعالیٰ ان کے فیصلوں میں برکت ڈال رہا ہے، اللّٰہ اپنے نیک نیت بندوں کو ہمیشہ اسی طرح نوازتا اور کامیاب کرتا ہے۔