• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی رہنماؤں کی قومی اسمبلی میں واپسی کی درخواست



اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے قومی اسمبلی میں واپسی کیلئے درخواست کر دی۔

راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کے دوران پی ٹی آئی رہنماؤں نے قومی اسمبلی میں واپسی کیلئے درخواست کی جس پر اسپیکر قومی اسمبلی نے جواب دیا کہ استعفے منظور ہو چکے ہیں اب قومی اسمبلی میں واپسی ممکن نہیں ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عامر ڈوگر اور آپ سب نے استعفوں کی منظوری کیلئے خود درخواست کی تھی۔

 پی ٹی آئی وفد میں عامر ڈوگر، کنول شوذب، ساجدہ بیگم، عامر کیانی، عاصمہ حدید، امجد نیازی، ظل ہما، شوکت علی بھٹی، فیض اللّٰہ، خرم شہزاد اور طاہر صادق شامل تھے۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ قانون و آئین اور قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے تحت استعفے منظور کر چکا ہوں، بار بار خطوط بھیجے، اس کے باوجود پی ٹی آئی کا کوئی ممبر حاضر نہیں ہوا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اسد قیصر اور عامر ڈوگر کی سربراہی میں آئے وفد کے بعد استعفے قبول کرنے کا پراسیس شروع کر دیا تھا۔

سابق اسپیکر اسد قیصر کی سربراہی میں آئے وفد نے استعفے منظور کرنے کی استدعا کی تھی، میں آئین، قانون اور قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کا پابند ہوں۔

راجہ پرویز اشرف نے  پی ٹی آئی اراکین سے استفسار کیا کہ کیا ممبران نے استعفے اپنی مرضی کے مطابق نہیں دیے تھے؟

انہوں نے کہا کہ سابق اسپیکر اسد قیصر کی سربراہی میں آئے وفد کے اصرار پر استعفے منظور کیے گئے تھے، پھر بھی آپ کی درخواست پر معاملے کو لیگل ٹیم سے ڈسکس کرکے آپ کو مطلع کر دیا جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید