بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار اور عمران ہاشمی کی فلم’سیلفی‘جوکہ حال ہی میں ریلیز ہوئی ہے، اس میں اب اداکارہ جیکولین فرنینڈس کی انٹری ہوگئی ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، جیکولین فرنینڈس نے فلم’سیلفی‘ کے لیے اکشے کمار اور عمران ہاشمی کے ساتھ ایک خصوصی گانے کی شوٹنگ کی ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ یہ ایک دلچسپ گانا ہے جسے بیکانیر میں فلمایا گیا ہے لیکن یہ گانا فلم کی کہانی کا حصّہ نہیں ہے اور فلم کے پروڈکشن ہاؤس نے رواں ہفتے اس گانے کو ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
گزشتہ ہفتے ریلیز ہونے والی فلم’سیلفی‘ پرتھوی راج سوکمارن کی 2019ء میں ریلیز ہونے والی ملیالم فلم’ڈرائیونگ لائسنس‘ کا ریمیک ہے۔
راج مہتا کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کی کہانی ایک اداکار اور ایک آر ٹی او انسپکٹر کے گرد گھومتی ہے۔
یاد رہے کہ جیکولین فرنینڈس نے اداکار اکشے کمار اور عمران ہاشمی کے ساتھ فلم ’سیلفی‘ کے لیے پہلی بار کام نہیں کیا۔
اس سے قبل بھی جیکولین فرنینڈس، اکشے کمار کے ساتھ فلم ’ہاؤس فل 3‘، ’بچن پانڈے‘ اور ’رام سیتو‘ سمیت کئی پروجیکٹس میں جبکہ عمران ہاشمی کے ساتھ2011ء میں ریلیز ہونے والی تھرلر فلم ’مرڈر 2‘ میں کام کرچکی ہیں۔