• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صرف 15 کروڑ میں بنی فلم کا بزنس 900 کروڑ سے زائد، یہ فلم کونسی ہے؟

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

فلموں کی کامیابی کو جانچنے کا بہترین پیمانہ کیا ہے؟ یہ سوال دہائیوں سے شائقین اور تجزیہ کاروں کے درمیان زیر بحث ہے۔ کچھ لوگ فلم کی طویل عمری اور ثقافتی اثرات کو اہمیت دیتے ہیں جبکہ دیگر باکس آفس کلیکشن کو اہم سمجھتے ہیں۔

تاہم باکس آفس کے نمبرز کا پیمانہ بھی یکساں نہیں۔ ایک نظریہ یہ ہے کہ کون سی فلم نے سب سے زیادہ پیسے کمائے جبکہ دوسرا نظریہ منافع کو کامیابی کی کسوٹی قرار دیتا ہے۔

اگر منافع کے حساب سے دیکھا جائے تو بھارت کی سب سے کامیاب فلم وہ ہے جس میں 16 سالہ لڑکی مرکزی کردار میں تھی اور اس نے 6000 فیصد منافع کمایا۔

2017 میں ریلیز ہونے والی ایڈوائیت چندن کی فلم سیکریٹ سپر اسٹار اب تک کی سب سے زیادہ منافع بخش بھارتی فلم ہے۔

عامر خان کی جانب سے پروڈیوس کی گئی اس فلم کو صرف 15 کروڑ روپے کے بجٹ پر بنایا گیا تھا اور بھارت میں ریلیز کے بعد یہ فلم 64 کروڑ روپے (نیٹ) اور 90 کروڑ روپے مجموعی بزنس کرنے میں کامیاب رہی۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں اس نے مزید 65 کروڑ روپے کمائے جس سے یہ فلم پہلے ہی ایک بڑی کامیابی تھی لیکن جب سیکریٹ سپر اسٹار چین میں ریلیز ہوئی تو سب ریکارڈز ٹوٹ گئے۔

چین میں اس فلم نے 124 ملین ڈالرز سے زیادہ کمائے، جس کے بعد اس کی عالمی آمدنی 900 کروڑ روپے سے تجاوز کر گئی۔

اس طرح فلم نے اپنی اصل لاگت سے 60 گنا زیادہ کمائی کی، جو جے سنتوشی کی فلم ماں کے 20 گنا منافع کے ریکارڈ کو بہت پیچھے چھوڑ گئی۔

سیکریٹ سپر اسٹار کی آمدنی کے حوالے سے مختلف رپورٹس ہیں، کچھ میں کہا گیا کہ فلم نے عالمی سطح پر 966 کروڑ روپے کمائے جبکہ دیگر کے مطابق یہ رقم 905 کروڑ روپے ہے تاہم اگر کم سے کم اعدادوشمار کو بھی دیکھا جائے تو یہ فلم استری 2 (857 کروڑ)، پی کے (769 کروڑ)، غدر 2 (691 کروڑ) اور باہوبلی: دی بیگننگ (617 کروڑ) جیسی بڑی فلموں سے زیادہ کمانے میں کامیاب رہی۔

سیکریٹ سپر اسٹار نے ان بڑی فلموں کو اپنے چھوٹے بجٹ کے ساتھ شکست دی، جو اس کی غیر معمولی کامیابی کا ثبوت ہے۔

مزید یہ کہ اس فلم میں کوئی بڑا اسٹار نہیں تھا، عامر خان کا صرف ایک کیمیو رول تھا جبکہ فلم کی کہانی 16 سالہ زائرہ وسیم کے گرد گھومتی ہے۔ فلم کے تجزیہ کاروں کے مطابق چین میں اس فلم کی کامیابی کی بڑی وجہ عامر خان اور زائرہ وسیم کی دنگل کے بعد کی مقبولیت اور نوجوانوں کے خوابوں پر مبنی کہانی کا وہاں کے ناظرین کے ساتھ جڑنا تھا۔

نومبر 2024 تک سیکریٹ سپر اسٹار اب بھی دنیا بھر میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بھارتی فلموں میں 10ویں نمبر پر ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید