معروف صحافی، میزبان، فلم ساز اور بانیٔ پی ٹی آئی کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے اداکارہ ہانیہ عامر کو شادی نہ کرنے کا مشورہ دینے پر وضاحت پیش کر دی۔
حال ہی میں میزبان نے ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف امور پر بات چیت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اسی موقع پر انہوں نے ہانیہ عامر سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اداکارہ کو ماضی میں شادی نہ کرنے سے متعلق دیئے گئے مشورے کی وضاحت پیش کر دی۔
انہوں نے بتایا کہ ابھی میرے بیان کے بعد لوگوں نے مجھے کہا کہ خود تو شادیاں کرتی رہتی ہے اور ہانیہ کو شادی کرنے سے منع کر رہی ہے لیکن میرا ماننا ہے کہ شادی تب کریں جب آپ کو لگے کہ آپ کو زندگی میں ایک ساتھی کی ضرورت ہے
انہوں نے کہا کہ میں مانتی ہوں کہ لڑکی جیسے ہی 20 یا 30 کی عمر کو پہنچتی ہیں تو ان کی بائیولوجیکل کلاک ٹک ٹک کرنے لگتی ہے، والدین کی طرف سے ان پر دباؤ اور پابندیاں شروع ہوجاتی ہیں جس پر اکثر لڑکیاں یہ سوچتی ہیں کہ شادی کرلوں، شوہر کے پاس جاؤنگی تو آزادی مل جائیگی جبکہ ایسا نہیں ہوتا۔
ریحام خان نے مزید کہا کہ جو مشورہ میں ہانیہ کو دے رہی ہوں وہ ہی مشورہ میں اپنی بیٹیوں کو بھی دے رہی ہوں کہ پہلے کرئیر بناؤ خود کو مضبوط بناؤ اور پھر شادی کا سوچو۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ لڑکی شادی تب کرے جب اسے ایسا لگے کہ ہاں سامنے والے شخص کے ساتھ آگے کی زندگی گزاری جاسکتی ہے۔