سندھ کے شہر نوابشاہ میں دولہا دلہن نے رخصتی کے فوراً بعد گھر جانے کے بجائے مہنگائی کے خلاف احتجاج کی قیادت کی۔
دولہا یاسر برڑو نے روایتی لباس اور دلہن سحرش پیرزادہ نے سرخ عروسی جوڑا پہنے سڑک پر آٹا، پیٹرول اور چینی مہنگی کرنے کے خلاف احتجاج کی قیادت کی۔
اس موقع پر باراتی بھی موجود تھے جنہوں نے مہنگائی کے خلاف نعرے لگائے۔
سحرش کا کہنا ہے کہ شوہر نے انہیں بتایا کہ رخصتی کے بعد گھر نہیں جائیں گے بلکہ پہلے مہنگائی کے خلاف احتجاج کریں گے جس پر میں نے ہامی بھری۔
نوابشاہ میں دلہن کو عروسی لباس میں احتجاج کرتا دیکھ کر شہریوں نے حیرانی کا اظہار کیا۔
سحرش اور یاسر کی شادی کے بعد مہنگائی کے خلاف احتجاج کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی ہے۔