• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خلائی مخلوق موجود ہے، مگر زمین پر نہیں آئی: ناسا کے سائنسدان کا دعویٰ

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

امریکی خلائی ادارے ناسا کے ایک سینئر سائنسدان نے کہا ہے کہ کائنات میں خلائی مخلوق کے وجود کے امکانات مضبوط ہیں، تاہم اب تک ایسی کوئی شہادت موجود نہیں کہ کسی خلائی مخلوق نے زمین کا دورہ کیا ہو۔

ناسا سے 1968ء میں وابستہ ہونے والے ڈاکٹر جینٹری لی نے امریکی سائنسی تنظیم کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج تک کوئی ایسا ثبوت موجود نہیں جو یہ ظاہر کرے کہ کسی خلائی مخلوق یا اس کی مشین نے زمین پر قدم رکھا ہو، جو لوگ ایسا سمجھتے ہیں وہ گمراہ کیے گئے ہیں۔

ڈاکٹر لی نے کہا کہ کائنات کی وسعت کو دیکھتے ہوئے یہ امکانات بہت زیادہ ہیں کہ کہیں نہ کہیں زندگی ضرور موجود ہو، ہم کسی نہ کسی شکل میں کائنات میں زندگی ضرور دریافت کریں گے۔

ان کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سابق امریکی صدر بارک اوباما نے ایک موقع پر کہا ہے کہ خلائی مخلوق حقیقی ہے، تاہم بعد میں انہوں نے وضاحت کی کہ اپنے دورِ صدارت میں انہیں زمین پر کسی خلائی مخلوق کی موجودگی کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔

دوسری جانب موجودہ امریکی صدر ٹرمپ نے حکومت کو ہدایت دی ہے کہ خلائی مخلوق اور یو ایف اوز سے متعلق فائلوں کی تفصیلات جاری کرنے کی تیاری کی جائے۔

ماہرینِ فلکیات کے مطابق وہ سیارے جہاں زمین جیسی فضاء اور ماحول موجود ہو، خلائی حیات کی تلاش کے لیے سب سے موزوں سمجھے جاتے ہیں، اسی تناظر میں زمین جیسے حجم کے حامل سیارے کو ممکنہ طور پر زندگی کے لیے امیدوار تصور کیا جا رہا ہے، جو زمین سے تقریباً 40 نوری سال کے فاصلے پر واقع ہے۔

دلچسپ و عجیب سے مزید
سائنس و ٹیکنالوجی سے مزید