برطانیہ میں چاکلیٹ کی چوریوں میں نمایاں اضافے کے بعد متعدد دکانوں اور سپر مارکیٹس نے چاکلیٹ بارز کو پلاسٹک کے لاک باکسز میں بند کرنا شروع کر دیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق دکانداروں کا کہنا ہے کہ معروف برانڈز کی چاکلیٹ اب سب سے زیادہ چوری ہونے والی اشیاء میں شامل ہو چکی ہے۔
ماہرینِ صنعت نے خبردار کیا ہے کہ چوری شدہ چاکلیٹ بعد ازاں دوبارہ فروخت کی جاتی ہے اور اس سے حاصل ہونے والی رقم دیگر مجرمانہ سرگرمیوں میں استعمال ہوتی ہے۔
کچھ چھوٹے کاروباروں کو ہفتہ وار سیکڑوں پاؤنڈ مالیت کی چاکلیٹ کے نقصان کا سامنا ہے۔
پولیس کے مطابق شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ بعض ملزمان آرڈر پر مخصوص مقدار میں چاکلیٹ چوری کر رہے ہیں۔
برطانیہ کی ایک بڑی سپر مارکیٹ چین نے اعتراف کیا ہے کہ وہ ان مصنوعات کو رکھنے کے لیے خصوصی باکسز استعمال کر رہی ہے جو باقاعدگی سے چوری کا نشانہ بنتی ہیں۔
لندن کی ایک برانچ میں 2.60 پاؤنڈ مالیت کی چاکلیٹ بھی لاک باکس میں رکھی گئی ہیں، جنہیں کھلوانے کے لیے صارفین کو عملے سے رجوع کرنا پڑتا ہے۔
مسئلے کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف پولیس فورسز نے سوشل میڈیا پر ویڈیوز بھی شیئر کی ہیں۔
پولیس نے اسٹور میں ایک شخص کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کی ہے جس میں وہ چاکلیٹ کی ٹرے اٹھا کر لے جا رہا ہے، جبکہ ایک اور ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک شخص پوری شیلف کھینچ کر دکان سے باہر لے گیا۔