اسلام آباد( نیوز رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ پاکستان امریکہ کیساتھ باہمی مفاد پر مشتمل بالخصوص دو طرفہ تجارتی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔امریکہ سے دو طرفہ کثیر الجہتی تجارتی تعلقات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ، زراعت اور صنعت کے شعبوں میں تعاون کو مزید بہتر بنانا حکومت پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکہ میں پاکستان کے سفیر سردار مسعود خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیاجنہوں نے لاہور میں ان سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے سفیر کو ہدایت کی کہ امریکی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کو مزید موثر بنانے کیلئے مختلف شعبوں میں ممکنہ مواقع کو اجاگر کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے امریکی سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرنے کی بھی خصوصی ہدایت کی تاکہ حکومت بروقت اور موثر اقدامات اٹھا کر تجارتی حجم کو مزید بہتر کر سکے۔ وزیراعظم نے کہاکہ سرمایہ کاروں کیلئےدرآمدات و برآمدات پر لاگو قوانین و ضوابط کو آسان بنانے کیلئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔سفیر سردار مسعود خان نے وزیراعظم کو امریکا میں موجود پاکستانی سفارتی مشن کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔