سابق وزیر اعظم عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں گرفتار کرنے کے لیے اسلام آباد پولیس زمان پارک لاہور پہنچ گئی، اس حوالے سے پولیس نے اپنا مؤقف جاری کردیا ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماؤں نے کہا کہ عمران خان رہائش گاہ پر موجود نہیں، تاہم قانونی کارروائی کی راہ میں غلط بیانی پر شبلی فراز کے خلاف کارروائی ہوگی۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے یقین دہانی کروائی کہ وہ قانون پر عمل کریں گے، ہم اُمید کرتے ہیں کہ وہ عدالت میں پیش ہوں گے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ہم امن و امان برقرار رکھنےکی ہر ممکن کوشش کریں گے۔
پولیس نے کہا کہ ملزم عمران خان کو7 مارچ کی پیشی کےلیے عدالت کے حکم پر عمل کریں گے۔
واضح رہے کہ 28 فروری کو اسلام آباد کی عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں فوجداری کارروائی کے کیس میں عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کیے تھے۔
عمران خان بار بار بلانے کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کیے تھے۔