• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم صاحب آپ پر بھی ہماری تنظیم کا قرض ہے، خالد مقبول

کنوینر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اس سال ایم کیو ایم نے پھر نئے اور تازہ سفر کا آغاز کیا ہے، وزیراعظم پاکستان کو بھی آخری بار یاد دلا رہا ہوں، وزیراعظم صاحب آپ پر بھی ہماری تنظیم کا قرض ہے۔ 

کراچی میں خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم نے 12 اور 17 مارچ کو جلسوں کا اعلان کیا۔ مردم شماری ہو رہی ہے ہمیں ہرحال میں اپنے آپ کو گنوانا ہے۔ ہر شہری اپنی ذمہ داری کو محسوس کرکے گنتی کروائے۔ 

انہوں نے کہا کہ ہم نے مردم شماری، درست حلقہ بندیوں کے بغیر ہونے والے انتخابات کو مسترد کیا۔ آپ 2 لوگوں کی گرفتاریوں پر شور مچا رہے ہیں۔ 

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہماری تو تاریخ شہادتوں اور قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔ جو ملک بناتے ہیں وہی جانتے ہیں کہ ملک کیسے چلایا جاتا ہے۔ ہم جانتے ہیں پروجیکٹ عمران خان ناکام ہوگیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ایسے پروجیکٹ تواتر کے ساتھ نہ صرف ناکام ہوتے ہیں بلکہ آنکھیں بھی دکھاتے ہیں، جب تک ہر پاکستانی کو برابر کا حقدار اور وفادار نہیں سمجھا جائے گا ملک مستحکم نہیں رہ پائے گا۔ اس ملک کو جوڑنے کا صرف ایک ہی فارمولہ ہے انصاف کیجیے۔ 

کنوینر ایم کیو ایم پاکستان نے کہا ان لوگوں کےلیے بھی انصاف کیجیے جنہوں نے وعدہ کیا تھا کہ کراچی پر لگائے گئے زخموں کا ہرجانہ ادا کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم دفاتر کا نام نہیں بلکہ ایم کیو ایم میں آپ اور عوام ہیں۔ 

خالد مقبول صدیقی نے کہا اگر ہم شریف ہیں تو ایم کیو ایم شریف ہے۔ میں وزیراعظم پاکستان کو بھی آخری بار یاد دلا رہا ہوں، وزیراعظم صاحب آپ پر بھی ہماری تنظیم کا قرض ہے۔ وزیراعظم صاحب کراچی آئیں اور یہاں آکر لوگوں کو یقین دلائیں۔ 

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم صاحب لوگوں کو کہیں کہ اب ہم پر کوئی ظلم نہیں ہوگا۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ 18 مارچ کو ہم یہاں جمع ہوں گے اور 19 کو باغ جناح میں عوام کا سمندر ہوگا، 19 مارچ 2023 ڈیڈ لائن ہے۔

قومی خبریں سے مزید