وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ملک کی برباد ترین معیشت موجودہ حالات میں بہتر نہیں ہوگی۔
اسلام آباد میں حلف برداری تقریب سے خطاب میں اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سیاستدانوں کو مل بیٹھ کر ملک کے معاشی و سیاسی مسائل کا حل نکالنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے سیاسی نقصان اٹھایا، عارضی فائدے کے لیے ریاست کو نقصان دینے والے بیان جاری کردیے جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالتیں تحفظ فراہم کرنے کے لیے ہوتی ہیں، افسوس ہے صحافیوں کو اپنے حقوق کے لیے عدالت سے رجوع کرنا پڑا۔
سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے یہ بھی کہا کہ وزیرداخلہ رانا ثناء اللّٰہ سے صحافیوں پر تشدد کے معاملے پر اجلاس کرنے جا رہا ہوں، امید ہے کل پیشی سے پہلے صحافیوں پر تشدد کے واقعے کا حل نکل آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ اچھے وقتوں میں عدالتوں کے احاطے سے گرفتاریاں نہیں ہوتی تھیں۔
وزیر قانون کا کہنا تھا کہ عدالتی احاطوں سے گرفتاری نہ کرنے کے حکم کی جب بھی خلاف ورزی ہو گی ذمہ دار ایگزیکٹو ہو گی عدالت نہیں ہو گی۔