قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی نے شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی کو وزیراعظم مقرر کر دیا۔
شیخ خالد بن خلیفہ بن عبدالعزیز الثانی نے منگل کو امیرِ قطر کو اپنا استعفیٰ پیش کیا تھا۔
امیرِ قطر شیخ تمیم نے وزیراعظم شیخ محمد کی نئی کابینہ کا حکم نامہ بھی جاری کیا۔
وزیراعظم شیخ محمد وزیر خارجہ کی ذمہ داریاں بھی ادا کریں گے۔
ڈاکٹر خالد بن محمد العطیہ نائب وزیراعظم کے ساتھ ساتھ وزیر برائے دفاع امور بھی ہوں گے۔
امیرِ قطر نے مرکزی بینک کے گورنر شیخ بندر بن محمد بن سعود الثانی کو قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کا چیئرمین تعینات کر دیا ہے۔
نئے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان:
شیخ محمد جنوری 2016 سے قطر کے وزیر خارجہ ہیں، انہیں نومبر 2017 میں نائب وزیراعظم بھی منتخب کیا گیا تھا۔
وہ 2018 میں قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کی سربراہی بھی کرچکے ہیں، 2014 میں شیخ محمد قطر فنڈ فار ڈیولپمنٹ کے چیئرمین اور سپریم کونسل برائے معاشی امور اور سرمایہ کاری کے رکن تھے۔
انہوں نے 2003 میں اپنے کیریئر کا آغاز سپریم کونسل برائے گھریلو امور میں معاشی محقق کے طور پر کیا تھا۔
بعد ازاں 2005 تا 2009 وہ اس کونسل میں معاشی امور کے ڈائریکٹر رہے۔
2009 میں شیخ محمد کو اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز سپورٹ پروجیکٹ کا ڈائریکٹر تعینات کیا گیا، ساتھ ہی ساتھ وہ وزارت تجارت میں پبلک اینڈ پرائیوٹ سیکٹرز پارٹنرشپ کے ڈائریکٹر بھی مقرر ہوئے۔
انہوں نے 2010 میں قطری امیر شیخ حماد بن خلیفہ الثانی کے ذاتی نمائندے کے سیکریٹری کی ذمہ داریاں انجام دیں۔
اسی سال انہیں قطر مائننگ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ڈپٹی چیئرمین منتخب کیا گیا۔
2013 میں شیخ محمد کو بین الاقوامی اشتراکی امور کا اسسٹنٹ وزیر خارجہ مقرر کیا گیا۔