لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کی 3 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کردی گئی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد اور کوئٹہ کے 3 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی۔
درخواست میں عمران خان نے مؤقف اپنایا کہ سائل ضمانت کیلئے متعلقہ عدالتوں سے رجوع کرنا چاہتا ہے، پولیس نے غیر قانونی حراست کیلئے زمان پارک میں موجود رہائش گاہ کو گھیر رکھا ہے۔
عمران خان نے تھانہ رمنا اسلام آباد کے 2 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی، کوئٹہ کے ایک مقدمے میں بھی حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی گئی۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے بیرسٹر سلمان صفدر کے توسط سے حفاظتی ضمانت کی درخواستیں دائر کیں، درخواستوں میں آئی جی پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ سائل عدالت میں ضمانت کیلئے پیش ہونا چاہتا ہے، درخواست ہے کہ آئی جی پنجاب کو کہا جائے پولیس رکاوٹ نہ ڈالے۔
عمران خان کی درخواست میں کہا گیا کہ تھانہ رمنا کی دونوں ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات لگائی گئی ہیں، کوئٹہ میں مقدمہ پیکا قانون کی دفعات کے تحت درج ہے۔