سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما حماد اظہر نے کہا ہے کہ نگراں حکومت میں مارشل لاء سے زیادہ بری صورتحال ہے۔
زمان پارک لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں حماد اظہر نے الزام لگایا کہ نگراں حکومت الیکشن سے متعلقہ سرگرمیاں روک رہی ہے، اطلاع ہے کارکنوں پر تیزاب ملا پانی پھینکا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کئی خواتین کارکنوں کو اس پانی کی وجہ سے اسپتال جانا پڑا، حکومت کے اوسان خطا ہوچکے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ عمران خان کی وکلا کےساتھ مشاورت جاری ہے، کچھ دیر بعد اگلا لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ امید ہے اعلیٰ عدلیہ سب کچھ دیکھ رہی ہو گی ان کے احکامات کو روندا جارہا ہے، پولیس والوں سے پوچھیں، ان کے دل بھی ہمارے ساتھ ہیں۔
حماد اظہر نے یہ بھی کہا کہ ریلی تو ابھی شروع ہی نہیں ہوئی، ان کی کانپیں ٹانگ گئیں، نگراں حکومت میں مارشل لا سے زیادہ بری صورتحال ہے۔
انہوں نے کہا کہ محسن نقوی اور گلو بٹوں نے مل کر پرامن انتخابی مہم پر کریک ڈاؤن کیا، ہمارے کارکنوں پر کیمیکل اور تیزاب پھینکا گیا، ایکسپائرڈ آنسو گیس کے شیل پھینکے گئے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ایک نگراں حکومت کے دور میں انتخابی سرگرمیاں روکنے کےلیے تشدد کیا گیا، درجنوں گرفتار کیے گئے۔
ان کا کہنا تھاکہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ لاہور میں مارشل لاء سے بد تر دور دیکھا گیا، خواتین پر لاٹھیاں برسائیں گئیں، شہریوں کی گاڑیاں توڑی گئیں۔
حماد اظہر نے کہا کہ 30 اپریل کو الیکشن ہے، الیکشن سے پہلے انتخابی سرگرمیاں تو ہوں گی، عمران خان کی تقاریر نشر کرنے پر غیرقانونی پابندی لگائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت کے دور میں انتخابی سرگرمیاں روکنے کےلیے تشدد کیا گیا، حکومت میں بیٹھے لوگ آج کسی کو اپنی شکل نہیں دکھا سکتے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں آج جمہوریت کا بدترین چہرہ دکھایا گیا، اس کا احتساب ہوگا، آج جو خون بہایا گیا اس کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے۔
حماد اظہر نے کہا کہ کارکنوں سے اپیل ہے کہ ان کو لاشوں کی سیاست نہیں کرنے دینا ہے پرامن رہنا ہے۔