وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانا وقت کی ضرورت ہے۔
ویمن ان اسلام کانفرنس کے پالیسی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کانفرنس میں خواتین کی بھرپور شرکت کا شکریہ ادا کرتا ہوں، خواتین نے زندگی کے ہر شعبے میں اہم کردار ادا کیا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اسلام خواتین کے حقوق کی پاسداری کرتا ہے، عالمی برادری کو خواتین کی حوصلہ شکنی کرنے والوں کے خلاف کام کرنا ہوگا، مسلم اور غیر مسلم خواتین کو معاشرے میں مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی نمائندوں اور پالیسی سازوں کو خواتین کی بہتری کے لیے کام کرنا ہو گا، ان کو سماجی اور معاشی طور پر مستحکم بنانا ہو گا۔
وزیرِ خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ خواتین کو تعلیم یافتہ بنانے کے لیے سب کو کردار ادا کرنا چاہیے، ان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے مراعات دینا ہوں گی۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مشترکہ کوششوں سے صنفی امتیاز جیسے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔