• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ مسلمانوں کی آمد سے پہلے ہندوستان جغرافیائی، سماجی اور سیاسی اعتبار سے بری طرح تقسیم اور نہایت پس ماندہ تھا۔ اُس کی ہزاروں سالہ تاریخ میں صرف چندر گپت موریا اور اَشوک دو اَیسے حکمراں گزرے ہیں جن کے زیرِانتظام پورا ہندوستان رہا، مگریہ عہد فقط نوے برسوں پر محیط تھا۔ باہر سے آریہ آئے جنہوں نے قدیم ہندوستانی باشندوں کو جانوروں کی طرح جنوب کی طرف دھکیل دیا اور پورے معاشرے کو ذات پات میں تقسیم کر ڈالا۔ اونچی ذات کے لوگ نظامِ حکومت چلاتے، زراعت و تجارت کےپیداواری ذرائع پر قابض رہتے اور دفاعی اُمور سرانجام دیتے۔ نچلی ذات سے وابستہ انسانوں کی بہت بڑی تعداد اَچھوت کہلاتی اور غلاموں کی سی زندگی بسر کرتی تھی۔ برہمنوں کو سب سے اونچی ذات کا رتبہ حاصل تھا، اِس لئے وہی سیاہ و سفید کے مالک اور تقدس کے اعلیٰ ترین مقام پر فائز تھے۔ ذات پات کی کڑی تقسیم نے معاشرے کو ہم آہنگی اور حریتِ فکر سے محروم کر دیا تھا۔ برہمنوں نے اِس امر کا خاص اہتمام کر رکھا تھا کہ ہندوستان میں ہندومت کے سوا اَور کوئی مذہب جڑیں نہ پکڑ سکے، چنانچہ بدھ مت اور جین مت کے بانی کوئی بڑا سیاسی انقلاب نہیں لا سکے اور اُن کے پیروکاروں کو آخرکار ہندوستان سے نکل کر مشرقی ملکوں میں بسیرا کرنا پڑا۔ اِس امر کے شواہد موجود ہیں کہ پیغمبرِ اسلام حضرت محمد ﷺ کی حیاتِ طیبہ ہی میں جزیرہ نما عرب سے مسلم تاجر ہندوستان آنے لگے تھے۔ صدیوں سے عرب ملاح ہندوستان کے مغربی ساحل کی بندرگاہوں سے پوری طرح واقف تھے اور اُن علاقوں میں مستقل طور پر آباد بھی ہو گئے تھے۔ مدراس کے مختلف راجاؤں نے اُن کی بہت حوصلہ افزائی کی تھی کہ اُن کی خوشحالی کا دارومدار مسلمانوں کی بحری تجارت پر تھا۔ وہ اَپنی رعایا کے نوجوانوں کو اِسلام قبول کرنے اور بحری تجارت کے گُر سیکھنے کی ترغیب دیتے۔ مالابار کے ساحل پر آج بھی اُن عرب تاجروں اور اُن سے متاثر ہو کر اِسلام قبول کرنے والوں کی اولادیں آباد ہیں۔ ہندوستان میں بڑے پیمانے پر مسلمانوں کی آمد محمد بن قاسم کے سندھ پر حملے سے شروع ہوئی۔ وہ ایک مسلم خاتون کی دہائی دینے پر اُس کی مدد کو پہنچے تھے جسے راجہ داہر کے علاقے میں ظلم کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ یہ حملہ 712ء میں ہوا اَور سندھ ’’باب الاسلام‘‘ کہلایا۔ اِس کے بعد 1192ء میں شہاب الدین غوری دہلی فتح کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ 1206ء میں قطب الدین ایبک نے ’’سلاطینِ دہلی‘‘ کی سلطنت قائم کی۔ سلاطینِ دہلی کے بعد ظہیر الدین بابر نے مغلیہ سلطنت کی بنیاد 1526ء میں رکھی جو 1857ء تک قائم رہی۔ اُن سات صدیوں میں ہندوستان کی کایا پلٹ ہو چکی تھی۔ مسلمانوں نے اِس منتشر خطے کو ایک مستحکم برِصغیر میں تبدیل کر دیا تھا۔ شہنشاہ جلال الدین اکبر نے تو ہندوستان کے علاوہ اَفغانستان پر بھی حکومت کی۔ اِس طرح یہ خطہ ایک سپرپاور کی حیثیت اختیار کر گیا۔ مغل بادشاہ شہاب الدین شاہجہاں کے زمانے میں ہندوستان کی شان و شوکت کا یہ عالم تھا کہ یورپ کے حکمران اور عوام ہندوستانی مصنوعات کے استعمال پر ایک گونہ فخر محسوس کرتے تھےاور دُنیا کے بڑے بڑے حکمراں اِس کی طرف رشک بھری نظروں سے دیکھتے اور اِسے ’’سونے کی چڑیا‘‘ کے الفاظ سے پکارتے تھے۔ برِصغیر کی دولت اور جاہ و جلال کو دیکھ کر بڑے بڑے مغربی ممالک میں اِس پر قبضہ کرنے کی آرزو اَنگڑائیاں لینے لگی تھیں۔ ایک صدی اُن کے درمیان مسابقت کی جنگ جاری رہی۔ ایسٹ انڈیا کمپنی 1757ء کی جنگِ پلاسی میں نواب سراج الدولہ کو شکست دے کر بنگال پر قابض ہونے میں کامیاب ہو گئی اور 1857ء میں اُس نے پورے ہندوستان پر اپنا تسلط قائم کر لیا۔ مسلمانوں نے ہندوستان کو صرف جغرافیائی وحدت ہی نہیں دی تھی، بلکہ ایک جدید طرزِ حکومت سے بھی روشناس کرایا۔ شیرشاہ سُوری نے سڑکوں اور سراؤں کا جال بچھا دیا تھا۔ اُن کے دورِ حکومت میں ایک جاذبِ نظر فنِ تعمیر ایجاد ہوا۔ عالیشان مسجدیں، قلعے اور وَسیع و عریض باغات کی جلو میں کشادہ بستیاں تعمیر ہوئیں۔ کھلے اور ہوادار مکانات کا رواج چل نکلا۔ علم و حکمت کے مراکز قائم ہوئے۔ فارسی، اُردو زبانوں کو فروغ ملا اور ایک باوقار تہذیب پروان چڑھتی رہی۔ مسلمان حکمراں پورے اختیارات کے مالک ہونے کے باوجود رعایا کے ساتھ اچھا سلوک روا رَکھتے، اُنہیں انصاف اور بنیادی حقوق فراہم کرتے اور مذہب کی بنیاد پر حکومتی معاملات میں کسی قسم کی تفریق سے کام نہ لیتے۔ عدالتیں قائم تھیں جن میں مقدمات کے فیصلے جلد ہوتے۔ زرعی زمینوں کی پیمائش اور مالیہ وصول کرنے کا نظام پہلی بار مسلمانوں ہی نے متعارف کرایا تھا جو آج بھی بھارت اور پاکستان میں رائج ہے۔بعض حکمراں اِس قدر وَسیع الظرف تھے کہ اُنہوں نے ہندو رَاجپوتوں میں شادیاں بھی کر لی تھیں۔ سلاطینِ دہلی بالعموم اسلامی شعائر کے پابند رہے، مگر مغل بادشاہوں نے محی الدین اورنگزیب عالمگیر کے سوا اِسلام کی اشاعت میں بہت کم دلچسپی لی۔ مغربی طاقتوں کی جو تجارتی کمپنیاں حکمرانوں کی بےبصیرتی کے باعث قائم ہو گئی تھیں، وہ معاشرے میں شدید بگاڑ پیدا کرنے کا ذریعہ بن رہی تھیں اور اُنہوں نے فوجی سرگرمیاں بھی شروع کر دی تھیں۔ اِس بگڑتی ہوئی صورتِ حال میں مرہٹوں اور سکھوں نے بڑی طاقت حاصل کر لی تھی۔ اُنہی دنوں 1739ء میں ایران سے نادر شاہ نے دہلی کی اینٹ سے اینٹ بجا دی تھی۔ مرہٹے اِس قدر طاقت ور ہو گئے تھے کہ اُس وقت کے بلندپایہ اسلامی مفکر اور عملی فراست کے حامل جناب شاہ وَلی اللہ نے افغانستان کے حاکم احمد شاہ اَبدالی کو خط لکھا کہ ہندوستان میں اسلام کو فنا ہونے سے بچانے کے لئے مرہٹوں کی طاقت ختم کرنا لازمی ہے۔ وہ لشکرِ جرار کے ساتھ حملہ آور ہوا اَور اُس نے 1761ء کی پانی پت کی تیسری جنگ میں مرہٹوں کا پوری طرح قلع قمع کیا۔ صوبہ سرحد اور پنجاب میں سکھوں کی فوجی طاقت کے آگے بند باندھنے کے لئے ’تحریکِ مجاہدین‘ نے مسلمانوں کو غیرمعمولی نظم کے ساتھ جاں فروشی کےلئے تیار کیا، مگر تحریک اپنے فوری مقصد میں کامیاب نہ ہو سکی اور اُس کے قائدین سیّد احمد بریلویؒ اور شاہ اِسمٰعیلؒ 1831ء میں بالاکوٹ کے مقام پر شہید ہوئے۔ (جاری ہے)

تازہ ترین