لاہور ( این این آئی) سربراہ عوامی مسلم لیگ وسابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ قوم زندگی اور موت کی کشمکش میں ہے،حکومت اپنے مفاد کے بجائے قومی مفاد اور استحکام کا سوچے، حکمرانوں کو ریاست کی نہیں اپنی سیاست کی فکر ہے لیکن عوام کا نام ہی ریاست ہے، انتخابات ہی ملک کی بقا ہے،نگران حکومت پی ڈی ایم کی بی ٹیم ہے، جو کچھ لاہور میں تشدد ہوا یہ اس کا دفاع کرتے رہے۔سوشل میڈیا پر بیان میں شیخ رشید کا کہنا تھاکہ پاکستان میں کوئی ایسی دفعہ144خونی نہیں ہوئی جس کا پرچہ پولیس کی مدعیت میں کٹا ہو، پولیس نے علی بلال کی شہادت کا مقدمہ اس کے والد کے بجائے پولیس کی مدعیت میں درج کیا، جو مستقبل میں نگران حکومت کے گلے پڑیگا۔خیبر پختونخوا کے گورنر کو ریاست کا نمائندہ بننا چاہیے، مولانا فضل الرحمان کا نہیں‘ پاکستان کو ایشیا پیسیفک اور انڈوپیسیفک کے درمیان سینڈوچ بنایا جا رہا ہے، امریکہ نے آئی ایم ایف سے معاملات پاکستان کو خود طے کرنے کا کہہ دیا ہے، اسحاق ڈار 200کا ڈالر کرنے آئے تھے300کا کر دیا ہے۔شہباز اور زرداری نے الیکشن امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لی ہیں، سپریم کورٹ کے فیصلے کی عزت پاکستان میں جمہوریت کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔