وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف وارنٹ گرفتاری عدالتوں نے نکالے ہیں، پوچھتا ہوں انتظامیہ عدالتی حکم پر عمل نہ کرے تو پھر کیا ہوگا؟
جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں گفتگو کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے عمران خان کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں بنایا، قانون حرکت میں آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے حواریوں کے ساتھ مل کر ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش کی، وقت کی رعونت سے ڈرنا چاہیے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ آج وہ کہتا ہے میں 72 سال کا ہوں، ٹانگ ٹوٹی ہوئی ہے، عمران خان نے آج تک گرفتاری سے بچنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان بیماری اور بزرگی کے سہارے ڈھونڈ رہے ہیں، انہوں نے عدلیہ کے خلاف انتہائی مذموم گفتگو کی۔