پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے ترجمان حافظ حمداللّٰہ نے کہا ہے کہ اگر زلمے خلیل زاد کو عمران خان اتنا عزیز ہے تو اسے اپنے پاس بلالیں۔
اپنے بیان میں حافظ حمداللّٰہ نے کہا کہ سی آئی اے کا زرخرید غلام زلمے خلیل زاد دوسرے غلام عمران خان کےحق میں بول پڑا۔
حافظ حمداللّٰہ نے کہا کہ آپ اسے ہالی ووڈ میں رکھتے ہیں یا اولڈ ہوم میں، غلام بھی آپ کا، مرضی بھی آپ کی۔
انہوں نے کہا کہ کیا زلمے خلیل زاد پاکستان الیکشن کمیشن کا چیف ہے جو الیکشن کی تاریخ دے رہا ہے؟۔
پی ڈی ایم کے ترجمان نے کہا کہ اس سے ثابت ہوا کہ عمران خان پاکستان کا نہیں امریکا کا ایجنٹ ہے، وزارت خارجہ زلمے خلیل زاد کوشٹ اپ کال دے کہ ہمارے داخلہ امور میں مداخلت نہ کریں۔
حافظ حمداللّٰہ نے کہا کہ پولیس کی گاڑیوں کو آگ لگانا اور اہلکاروں کو زخمی کرنا کیا یہ دہشتگردی اور ریاست پر حملہ نہیں؟ کیا یہ سب عدالتی حکم سے بغاوت نہیں؟
ترجمان نے کہا کہ اس سیاسی دہشت گرد کو رعایت اور بار بار ریلیف دینا کہاں کا انصاف ہے؟ ریلی کی قیادت سے جان کو خطرہ نہیں لیکن عدالت میں پیشی پر خطرہ؟
حافظ حمداللّٰہ نے کہا کہ کیا عدالت عمران خان کی اس منافقت کو سمجھنے سے قاصر ہے؟ کیا یہ دھوکا، فراڈ اور عدالت سے مذاق نہیں ہے؟
انہوں نے کہا کہ یہ شخص کسی قسم کی رعایت کا مستحق نہیں ہے۔