کراچی (اسٹاف رپورٹر/جنگ نیوز) احتساب عدالت نے پی ایس او میں غیرقانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس میں نیب کے شریک ملزم عمران الحق کی نیب آرڈیننس سے متعلق درخواست پر نیب نے جواب جمع کرادیا۔ عدالت نے ریفرنس کی سماعت14اپریل تک ملتوی کردی۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی و دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میں خود بھی پیشیاں بھگت چکا ہوں، بہتر ہےعمران خان گرفتاری دیں، ضمانت مل جائے گی، حکومت نہیں عدالت نے وارنٹ جاری کئے۔ عمران خان کو عدالتوں یا قانون کی نہیں صرف اپنی جان کی پروا ہے، جس کے وارنٹ جاری ہوئے ہیں انہیں پیش ہونا ہے۔ آج نظام اور عدالتوں کو دیکھ لیں جو لوگ پندرہ پندرہ سال سے عدالتوں میں بیٹھے ہیں انہیں انصاف نہیں ملتا۔ لوگ سالہا سال جیلوں میں بیٹھے ہیں انہیں پوچھنے والا نہیں ان کے کیسز کو ریویو کرلیں اسی فیصد کیسز وہیں ختم ہوجائیں گے۔ ملک میں انصاف ہوتا ہوا نظر آئے۔