• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان سیاسی دہشتگرد ہیں: مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب—فائل فوٹو
مریم اورنگزیب—فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان اقتدار چھن جانے پر پاگل ہو چکے ہیں، وہ سیاسی دہشت گرد ہیں۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان آئی ایم ایف سے جن شرائط کو مان کر گئے تھے ان پر دوبارہ مذاکرات ہو رہے ہیں، حکومت دن رات ان کا ڈالا ہوا گند صاف کر رہی ہے، وہ ملک کو دیوالیہ کر گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کر رہی ہے، عمران خان کے پاس اپنی چوریوں کا جواب نہیں ہے، اس لیے پورے ملک کو جلا رہے ہیں، وہ کہتے تھے کہ بیمار ہوں، بزرگ ہوں، جان کو خطرہ ہے، اس لیے عدالت میں پیش نہیں ہو رہا، پولیس عدالتی وارنٹس پر عمل درآمد کروا رہی تھی۔

وزیرِ اطلاعات کا کہنا ہے کہ عوام نے دیکھا کہ جو جو باتیں عمران خان کہتے تھے وہ سب غلط تھے، انہوں نے کرپشن کے خلاف نعرہ لگایا، جو غلط تھا، اگر ان کی جان کو خطرہ تھا تو کل کیا ہوا؟ یہ جھوٹے دہشت گرد چوہے تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ کل بالکل وہی ہوا جو ہم کہہ رہے تھے، زمان پارک سے اسلام آباد تک ہتھیاروں، پتھروں سے لیس ایک شخص پہنچا، عمران خان ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، وہ اپنے خلاف کیسز میں عدالتوں میں پیش نہیں ہو رہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ عمران خان نے اپنے دور میں تمام سیاسی مخالفین کو سزائے موت کی چکیوں میں ڈالا، لوگوں کی بہنوں اور بیٹیوں کو گرفتار کیا گیا، یہ فارن فنڈنگ، ٹیریان، توشہ خانہ کیسز میں انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں، کل ثابت ہو گیا کہ عمران خان کی جان کو خطرے کا بیانیہ جھوٹا ہے۔

مسلم لیگ ن کی رہنما نے یہ بھی کہا کہ انصاف نہیں ہوگا تو خانہ جنگی ہو گی ہر گلی سے جتھے نکل کر عدالتوں، پولیس اور ریاست پر حملہ آور ہوں گے، لاڈلے کو تحفظ دے کر ملک میں قانون کی بالادستی ہو گی تو غلط فہمی ہو گی، عمران خان کو عدالت سے ریلیف دے کر ملک کے انصاف کا قتل کیا گیا، ملکی تاریخ میں 8 منٹ کے اندر عمران خان کو ریلیف ملا، عدالت اور قانون پر سوالیہ نشان ہے، پولیس کے سر پھاڑے گئے کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔

قومی خبریں سے مزید