یورو کپ فٹ بال میں آج دو میچز کھیلے جائیں گے ۔انگلینڈ کا مقابلہ ویلز سے جبکہ یوکرین کا سامنا ناردن آئرلینڈ سے ہوگا جنہیں جیو سوپر پر براہ راست دکھایا جائے گا۔
گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں سلواکیہ نے روس کو دو ایک اور فرانس نے البانیہ کو دو صفر سے ہرادیاجبکہ سوئٹزرلینڈ اور رومانیہ کا میچ ڈرا ہوگیا۔
پیرس میں سوئٹزرلینڈ اور رومانیہ کا میچ کافی دلچسپ رہا ، دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر کئی حملے کیے۔
رومانیہ کو پہلی کامیابی 18ویں منٹ میں ملی جسے دوسرے ہاف میں سوئٹزرلینڈ نےبرابر کردیا اور میچ ڈرا ہوگیا۔
لیلے میں کھیلے گئے میچ میں سلواکیہ نے روس کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی، سلواکیہ کی جانب سے وائس اور ہمسک نے گول کیے، دن کا تیسرا میچ فرانس اور البانیہ کے درمیان کھیلا گیا،فرانس نے شروع سے ہی البانیہ پر اپنی برتری قائم رکھی اور میچ دو صفر سے جیت لیا۔