روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ اچھے اور پرانے دوست شی جن پنگ کے دورۂ ماسکو سے بہت زیادہ امیدیں ہیں۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے چینی اخبار میں لکھے گئے مضمون میں کہا ہے کہ یوکرین کے معاملے پر چین کے متوازن ردّ عمل پر شکر گزار ہیں۔
ولادیمیر پیوٹن کا کہنا ہے کہ یوکرین بحران کے حل میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے چین کی آمادگی کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
ماسکو دورے سے قبل چینی صدر شی جن پنگ نے روسی اخبار کے مضمون میں لکھا ہے کہ یوکرین سے متعلق چین کی تجویز سیاسی تصفیہ کو فروغ دینے میں تعمیری ہے، پیچیدہ مسائل کا حل آسان نہیں ہوتا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے صدر آج سے روس کا تین روزہ دورہ کریں گے۔
واضح رہے کہ یہ فروری 2022ء میں یوکرین پر حملے کے بعد چینی صدر کا پہلا دورۂ روس ہو گا۔
اس سے قبل ستمبر 2022ء میں چین کے صدر نے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن سے ازبکستان کے شہر سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کی تھی۔