پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ دنیا جانتی ہے عمران خان ہیرا پھیر اور فراڈیا تو پہلے ہی تھا، یہ دہشت گرد بھی تھا اس کا کسی کو علم نہیں تھا، اب واسطہ پڑا ہے تو دہشتگردی بھی سامنے آگئی۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران نواز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت نے جے آئی ٹی بنائی جو تمام معاملات کی چھان بین کرے گی۔
میاں نواز شریف نے مزید کہا کہ اس سے بڑا فراڈیا اور نہ اس سے بڑادہشت گرد پاکستان کی سیاست میں دیکھا۔ یہ تو ہر معاملے میں دوسروں سے نمبر لے کر آگے آگے جا رہا ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ پیٹرول بم کس لیے پھینکے کہ پولیس والے جل کر مرجائیں؟
نواز شریف نے کہا کہ اگر پولیس والے نہ بھاگتے وہاں سے تو کیا ہوتا؟ یہ کس نے سکھایا ہے کہ آپ پیٹرول بم پھینکیں؟ پہلی دفعہ کسی سیاسی جماعت کی طرف سے اس طرح کی حرکت ہوئی ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ یہ ناقابل برداشت ہے، ایسے لوگوں کے خلاف بھرپور ایکشن ہونا چاہیے۔