• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کی پولیس کو دھمکی

فوٹو فائل
فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حماد اظہر نے پولیس افسران کو دھمکی دے دی۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے خلاف کارروائیوں میں ملوث ہر افسر سے ساری عمر حساب لیا جائے گا۔

حماد اظہر نے کہا کہ آئی جی سے لے کر سپاہی تک ہر افسر کی تفصیل موجود ہے، حکومت میں آکر ان پولیس افسروں کے خلاف مقدمات چلائے جائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف آج مینار پاکستان پر جلسہ کرنے جا رہی ہے، اس سلسلے میں مینار پاکستان گراؤنڈ جانے والے راستے کنٹینرز لگا کر بند کر دیے گئے ہیں۔

شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر کنٹینرز لگا دیے گئے، راوی پل، ریلوے اسٹیشن سے مینار پاکستان جانے والے راستے بند ہیں۔

شاہ عالم مارکیٹ میں بھی کنٹینرز لگا دیےگئے، سگیاں پل اور انجنیئرنگ یونیورسٹی روڈ کے راستے بھی بند کر دیے گئے۔

ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو آج رات مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت دے رکھی ہے۔

دوسری جانب پنجاب کے مختلف شہروں سے پی ٹی آئی کے کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے دعویٰ کیا ہے کہ اب تک 500 کے قریب کارکن پکڑے گئے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید