پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) لاہور میں سیاسی پاور شو کر رہی ہے جس سے خطاب کے لیے پارٹی چیئرمین عمران خان زمان پارک میں اپنی رہائش گاہ سے مینار پاکستان پہنچ گئے۔
مینار پاکستان پر جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، پی ٹی آئی کارکنان بھی بڑی تعداد میں جلسہ گاہ پہنچ گئے۔
عمران خان کے خطاب کےلیے جلسہ گاہ میں بلٹ پروف کیبن لگائی گئی ہے جہاں سے چیئرمین تحریک انصاف جلسے کے شرکا سے خطاب کریں گے۔
ایک طرف تھریٹ الرٹ بھی ہے، دوسری جانب تحریک انصاف کے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ ہے۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ جلسے میں وہ نئے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ان کی پارٹی کے 1600 کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے، جلسہ گاہ پہنچنے سے روکنے کےلیے رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں۔
دوسری طرف پنجاب حکومت نے رکاوٹیں کھڑی کرنے کی تردید تو ضرور کی لیکن تھریٹ الرٹ بھی جاری کیا ہے جس میں کہا گيا ہے کہ دہشت گرد دھماکا خیز مواد کے ساتھ لاہور پہنچ چکے ہیں جو کسی بھی جگہ کو نشانہ بنا سکتے ہيں۔
پی ٹی آئی کے جلسہ گاہ مینار پاکستان گراؤنڈ جانے والے تمام راستے بند کردیے گئے۔
ترجمان لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ اقدامات سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر کیے گئے، حفاظتی اقدامات کو راستہ روکنے کا تاثر نہ دیا جائے۔
نگراں وزیرِ اطلاعات عامر میر نے تمام راستے بند کرنے کی تردید کردی۔ جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تھریٹ الرٹ ہے، دہشت گرد جلسے پر تعینات پولیس اہل کاروں کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ناکوں کا مقصد عوام کو تکلیف دینا نہیں بلکہ تحفظ دینا ہے۔
لاہور میں مینار پاکستان اور ملحقہ علاقوں میں انٹر نیٹ سروس بند کردی گئی۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاریوں کےلیے پولیس کا کریک ڈاؤن بھی جاری رہا۔