وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہے کہ میں نے دھمکی نہیں دی، سیاسی بات کی ہے، عمرانی فتنہ اور جمہوریت ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔
گوجرانوالہ میں انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم قانون اور عدالت کا احترام کرنے والے لوگ ہیں۔
رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ پرویز الہٰی کی وزارت اعلیٰ کے دور میں بے بنیاد مقدمہ درج کیا گیا، نہ اس مقدمے کے مدعی کا پتا ہے نہ گواہ کا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس میں جو مناظر دیکھے وہ باعث شرم ہے، اس کے باوجود عمران نیازی کے خلاف قانون حرکت میں نہیں آیا۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ اگر 2 اسمبلی کے الیکشن ہوئے تو انہیں کوئی تسلیم نہیں کرے گا، ملک میں انارکی ہوگی یہی اس فتنے کا ایجنڈا ہے۔
رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ پی ٹی آئی میں سے بہت کچھ نکلے گا، اتنا کچھ نکلے گا کہ وہاں صرف فتنہ رہ جائے گا۔