پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ملک اس وقت معاشی بحران کی زد میں ہے، ڈیفالٹ کے قریب ہے۔
ملتان میں پی ٹی آئی رہنما جاوید انصاری کی رہائشگاہ پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت کوششوں کے باوجود آئی ایم ایف سے معاہدہ نہیں کرسکی۔
ان کا کہنا تھا کہ رجیم چینج کے نام پر اقتدار میں آنے والوں نے ملک کا برا حال کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا ایک نکاتی ایجنڈا فوری اور شفاف انتخابات ہیں، موجودہ غیر یقینی سیاسی صورتحال میں جمہوری نظام ڈی ریل ہوسکتا ہے۔
سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو نا چاہتے ہوئے بھی الیکشن کرانا ہوں گے، انتخابات میں جتنی تاخیر ہوگی ملک اور نظام کیلئے مشکلات بڑھیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے انتقامی کارروائیوں میں فسطائیت کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اپنی نااہلی اور کارکردگی سے توجہ ہٹانے کیلئے انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے۔